حضرت صاجزادہ مرزا بشیر احمد رضی اللہ عنہ کی پوری زندگی سلسلہ احمدیہ کی خدمت کے لئے وقف رہی۔ آپ نے نہایت جانفشانی سے سلسلہ کے استحکام کے لئے کارہائے نمایاں سرانجام دیئے، جن کا علمی ، تربیتی اور اخلاقی فیضان ہمیشہ جاری رہے گا۔ آپ ؓ کی سلسلہ کے حالات پر خدا کے فضل سے بڑی گہری نظر تھی جب بھی اہم معاملہ یا واقعہ رونما ہوتا تو آپ اپنی خدا داد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کا عام فہم اور مدلل حل یا تشریح تفصیلاً ضبط تحریر میں لاتے اور پھر جماعتی اخبارات ورسائل میں شائع فرماتے۔ آپ کا یہ علمی، تربیتی اور روحانی سلسلہ تحریرات 1913 سے 1963 تک کے طویل عرصہ پر پھیلا ہوا ہے۔
یوں ہزاروں صفحات پر مشتمل اس مجموعہ سے استفادہ جہاں بہت سے نازک اور دقیق علمی اور معاشرتی موضوعات پر قابل قدر رہنمائی اور روشنی کا وسیلہ ہے وہاں یہ صفحات تاریخ احمدیت کے متنوع موضوعات کے لئے بھی گراں بہاسرمایہ ہے۔اس مجموعہ کی ابتدائی دونوں جلدوں کے آخر تفصیلی انڈیکس بھی موجود ہے۔