المعجزات فی اعداد الفاتحہ و المقطعات، اسمائے انبیاء کے اعداد اور معارف مخفیہ، اخبار غیبیہ
مولانا ظفر محمد ظفر فاضل، سابق پروفیسر جامعہ احمدیہسلسلہ کے بزرگ عالم دین مولانا ظفر محمد ظفر صاحب نے معجزات القرآن کے نام سے یہ قیمتی مسودہ مرتب کیا تھا جسے آپ کی اولاد نے آپ کی وفات کے بعد احسن طریق پر طباعت کے زیور سےآراستہ کیاہے۔ اس کتاب میں قرآن کریم کے مضامین، واقعات، پیش گوئیوں اور دقیق پہلوؤں کو علم الاعداد کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کی ہے، جن سے قرآن کریم کے مجمل پہلو یعنی مقطعات کی توضیح و حقیقت سے شناسائی ہونے لگتی ہے۔ مولانا موصوف قرآن کے شغل و تدبر میں دل و جان سے مصروف رہے اور قیمتی موتی نکالتے رہے جس کے آپ کے معاصرین معترف تھے۔ کیونکہ ایک زمانہ تھا کہ لوگ علم حساب الجمل سے واقف تھے اور بالخصوص شعراء تو اس علم کے خوب مشاق ہوتے تھے، لیکن اب تو علم کی اس صنف سے شوق فرمانے والے خال خال رہ گئے ہیں، مولانا موصوف کی اس کتاب میں حروف کے اعداد استعمال کرتے ہوئے قرآن کریم کے مقطعات یا بعض دیگر مقامات سے پیش گوئیوں کی نشاندہی کی ہے ۔ اس سلسلہ میں بانی جماعت احمدیہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی تحریرات سے بھی استفادہ کیا ہے۔ انبیاء کے اسماء مبارکہ کے اعداد سے بھی مفید نکات اجاگر کئے ہیں ، پس جس محنت اور لگن سے یہ تحقیق کی ہے وہ قابل قدر ہے۔