یہ کتاب مکرم محترم قاضی محمد نذیر صاحب لائلپوری کا علمی شاہکار ہے اور مقام خاتم النبیین کے حقیقی مفہوم کا آئینہ دار ہے جو پہلی دفعہ 1967ء میں ربوہ سے شائع کی گئی تھی ۔ اس کتاب میں حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کے دعاوی کو تفصیل سے بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مقام خاتم النبیین کا حقیقی مفہوم قرآن مجید، احادیث نبویہ اور سلف صالحین کے اقوال کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے۔ جس سے آنحضور ﷺ کی اعلیٰ اور ارفع شان اور مقام خاتم النبیین کے متعلق جماعت احمدیہ کے مبنی برحق مسلک کے برخلاف عامۃ المسلمین میں پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور جھوٹے پروپیگنڈا کا کافی و شافی جواب بھی جمع ہوگیا ہے۔
اس علمی کتاب کے پس منظر کا کھوج لگائیں تو دراصل فاضل مصنف کا لاہور میں ایک معاند مولوی خالدمحمود ایم اے سے پرائیویٹ تبادلہ خیال ہوا تھا، ان مولوی صاحب نے طے شدہ امور سے انحراف کرکے باہمی گفتگو میں سے مخصوص حصے بعد میں اپنی ’’نصرت الاسلام‘‘ نامی کتاب میں طبع کروادیئے۔ محترم قاضی محمد نذیر صاحب اپنی اس کتاب میں مولوی مذکور کی کتاب ’’عقیدۃ الامۃ فی معنی ختم النبوۃ‘‘ کا علمی رد کرتے ہوئے ان کی شائع کردہ ’’نصرت الاسلام‘‘ کی قلعی بھی کھول دی ہے۔
موجودہ ٹائپ شدہ ایڈیشن قادیان سے نظارت اشاعت نشر و اشاعت نے 2016ء میں شائع کیا ہے۔