حضرت چوہدری سرمحمد ظفراللہ خان صاحب نے اپنی والدہ مرحومہ حسین بی بی صاحبہ کی وفات پر ایک مختصر رسالہ تصنیف فرمایاجس کے متعلق حضرت مرزا بشیراحمد صاحب نے لکھا کہ
’’مکرم چوہدری سر محمد ظفراللہ خان صاحب نے اس مختصر کتاب میں اپنی والدہ صاحبہ مرحومہ کے دلکش اور موثر حالات لکھ کر صرف بیٹا ہونے کے حق کو ہی بطور احسن ادا نہیں کیا ۔ بلکہ جماعت کی بھی ایک عمدہ خدمت سرانجام دی ہے۔ کیونکہ خدا کے فضل سے اس قسم کا لٹریچر جماعت کی اخلاقی اور دینی حالت کے بہتر بنانے میں بہت مفید ہوسکتا ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے دوست اس کتاب کو نہ صرف خود پڑھیں گے بلکہ اپنے بچوں کو بھی اس کے پڑھنے کی تحریک کریں گے۔ تاکہ ان ہر دو فریق کو ذات باری تعالیٰ کے ساتھ سچا اور حقیقی تعلق پیدا کرنے کے علاوہ اپنے گھروں میں اچھے والدین اور اچھی اولاد بننے کی طرف توجہ پیدا ہو۔ کیونکہ یہی اس کتاب کا بہترین جوہر ہے۔ ‘‘