خلافت کی عظیم الشان نعمت کی برکات اور اس کے عملی پہلو واقعۃً بے شمار ہیں۔ زیر نظر کتاب میں مصنف موصوف نے انتہائی محنت اور جدوجہد سے ایک ضخیم علمی مواد یکجا کر دیا ہے جس سے نظام خلافت اور اس کے سو سالہ شیریں ثمرات پر عمدہ رنگ میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ اور جماعت کے متنوع اور وسیع علمی لٹریچر سے قیمتی حوالہ جات کو ایک جگہ جمع کردیا ہے۔ اور جہاں تک ممکن تھا ان پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا ہے جو بظاہر کسی نہ کسی رنگ میں نظام خلافت پر تنقید اور اعتراض کا شائبہ رکھتے تھے، اور علمی دلائل کے ساتھ ان اثرات کو زائل کیا گیا ہے۔ الغرض ایک نہایت جامع اور ہمہ گیر پہلوؤں کو سموئے ہوئے یہ مسودہ مرتب کیا گیا ہے۔
اس مجموعہ کے شروع میں ایک تفصیلی فہرست مضامین بنائی گئی ہے تا حوالہ تلاش کرنے میں کوئی دقت نہ ہو، مواد کو آسانی کی خاطر 10 ابواب میں پھیلایا گیاہے، نیز کتاب میں پیش کئے گئے نایاب اور غیر معمولی حوالہ جات کو ان کے ماخذ اور مصادر کی فہرست کے ساتھ آخر پر درج کردیا گیا ہے۔ قریبا 500 صفحات کی اس کتاب میں حوالہ جات کی پیشکش بھی معیاری ہے۔