اس کتاب میں مصنفہ نے ٹھوس حقائق اور دینی فکر کی بظاہر نظر مشکل باتوں کو آسان زبان میں بچوں کے لئے انکے فہم کے مطابق بنا کر پیش کیا ہے تا وہ سیرت النبی ﷺ پر مواد کو سمجھنے کی اہلیت آسانی سے حاصل کرسکیں۔ بچوں کو اس مختصر کتاب میں سمجھایا گیا ہے کہ زمین و آسمان کے نور اللہ تعالیٰ نے اس وسیع کائنات کو تخلیق کیا تو اس کا مقصد نور محمدی ؐ کا ظہور بیان فرمایا۔ اس مقصد کے لئے اپنی تخلیقات میں سےانسانوں کو چنا اوران کے اندر روح پیدا کی ، انسان شعور اور روح کی تدریجی ترقی کے مراحل سے گزرتا رہا پھراس کا آئینہ دل اتنا مصفیٰ ، مطہر اور شفاف ہوگیا کہ اس میں نور ازل منعکس ہوسکے۔ اس طرح ہمارے پیارے آقا سید ولد آدم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تخلیق عمل میں آئی۔