منظوم کلام
حضرت مرزا طاہر احمد، خلیفۃ المسیح الرابعؒحضرت مرزا طاہر احمد، خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ ایک قادر الکلام شاعر تھے جو مفاہیم کاسمندر اپنے ایک ایک مصرعے میں سمیٹ رکھتےتھے، آپ کی نکتہ پروری، فن سخن پر گرفت اور عارفانہ نظر کی ماورائیت کا ایک زمانہ قائل تھا۔ آپ زمام خلافت سپرد ہونے سے مدتوں پہلے، وقت نوجوانی سے ہی شعر و سخن کے شہسوار تھے اور آپ کے دور خلافت میں تو گہرے مضامین سے پر آپ کے منظوم کلام کاانتظار ہر صاحب ذوق کو رہتاتھا۔ یہ منظوم کلام اخبارات و رسائل میں ساتھ ساتھ شائع بھی ہوجاتا تھا۔ اس منظوم کلام کو لجنہ اماء اللہ کراچی نے 1995ء میں بہت محنت اور لگن کے ساتھ خوبصورت اور دیدہ زیب طرز پر طبع کروایا تھا، جس کے بعد اس مجموعہ کلام کے متعدد ایڈیشن شائع ہوتے رہے جیسا کہ اسلام انٹرنیشنل پبلی کیشنز لندن نے اضافہ جات ، ترمیمات اور تصحیحات کے ساتھ ایک ایڈیشن شائع کیاتھا۔ زیر نظر ایڈیشن نظارت نشر و اشاعت قادیان کا شائع کردہ ہے جس میں کلام طاہر کو مرتب کرنے میں خصوصی معاونت کرنے والی مکرمہ امت الباری ناصر صاحبہ کا ایک مضمون ’’الہام کلام اس کا‘‘ بھی حضور ؒ کے ارشاد کے مطابق شامل کیا گیا ہے۔
آخر پر مشکل الفاظ کا رومن حروف میں درست تلفظ، ان الفاظ کا اردومعانی اور انگریزی مفہوم بھی نظم وار درج کیا گیا ہے جس سے اس مجموعہ سے استفادہ حاصل کرنا مزید آسان ہوگیا ہے۔