روحانی خزائن جلد 7
حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑیہ رسالہ آپ نے محرم ۱۳۱۱ھ مطابق جولائی ۱۸۹۳ء میں تالیف فرمایا۔ وجہ تصنیف یہ ہوئی کہ ایک شخص سید عبدالرزاق قادری بغدادی نے حیدرآباد دکن سے ایک اشتہار اور ایک خط عربی زبان میں بھیجا جس میں اس نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے دعویٰ کو خلاف شریعت اور ایسے مدعی کو واجب القتل اور ‘التبلیغ’ کو معارض قرآن قرار دیا تھا۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلاۃ والسلام نے ان کے اشتہار اور خط کو نیک نیتی پر محمول کر کے محبت آمیز طریقہ سے جواب دیا اور اپنے دعویٰ مامورریت اور وفات مسیح ناصریؑ کا ثبوت اور امت محمدؐیہ میں مکالمات الہیہ اور سلسلہ مجددین کے جاری رہنے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اس مکتوب کے لکھنے سے غرض یہ ہے کہ آپ اپنے خیالات کی اصلاح کریں اور اگر کسی بات کی حقیقت آپ پر ظاہر نہ ہو تو اس کے متعلق مجھ سے دریافت کریں۔ نیز لکھا کہ مولویوں کے فتاویٰ تکفیر سے دھوکا نہ کھائیں بلکہ میرے پاس آئیں اور بچشم خود حالات دیکھیں تا حقیقت کو پا سکیں اور اگر آپ لمبے سفر کی تکلیف برداشت نہ کر سکیں تو اللہ تعالی سے میرے بارہ میں ایک ہفتہ تک استخارہ کریں۔ استخارہ کا طریق بتا کر فرمایا کہ استخارہ شروع کرنے کے وقت سے مجھے بھی اطلاع دیں تا میں بھی اس وقت دعا کروں اور رسالہ کہ آخر میں دو قصیدے بھی تحریر فرمائے۔