روحانی خزائن جلد 12
حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ۲۰؍جون۱۸۹۷ء کو قادیان میں بھی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب پر ایک عام جلسہ کیا گیا۔ جس میں شمولیت کے لیے باہر سے بھی احباب تشریف لائے۔ اور گورنمنٹ کی ہدایت کے مطابق مبارکباد کا ریزولیوشن پاس کر کے تار کے ذریعہ سے وائسرائے ہند کو بھیجا گیا اور ‘تحفۂ قیصریہ’ کی چند کاپیاں نہایت خوبصورت جلد کرا کے ان میں سے ایک ملکہ وکٹوریہ قیصرۂ ہند کی خدمت میں بھیجنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع گرداسپور کو اور ایک وائسرائے گورنر جنرل کو اور ایک جناب لیفٹیننٹ گورنر پنجاب کو بھیجی گئی۔ اور جلسہ عام میں چھ زبانوں میں جو دعا کی گئی اس میں خاص طور پر یہ دعا بھی کی گئی تھی کہ ‘اے قادر توانا! ہم تیری بے انتہا قدرت پر نظر کر کے ایک اور دعا کے لیے تیری جناب میں جرأت کرتے ہیں کہ ہماری محسنہ قیصرہ ہند کو مخلوق پرستی کی تاریکی سے چھڑا کر لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر اس کا خاتمہ کر۔’