روحانی خزائن جلد 18
حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑیہ رسالہ آپؑ نے اپریل ۱۹۰۲ء میں شائع فرمایا جبکہ پنجاب میں طاعون کا بہت زور تھا۔ اس رسالہ میں طاعون سے متعلق آپ نے ان الہامات کا ذکر فرمایا ہے جن میں طاعون کی وباء کے پھیلنے کے متعلق پیشگوئی تھی اور یہ بھی بتایا گیا تھا کہ طاعون دنیا میں اس لیے آئی ہے کہ خدا کے مسیح کا نہ صرف انکار کیا گیا بلکہ اس کو دکھ دیا گیا۔ اس کے قتل کرنے کے منصوبے کیے گئے۔ اس کا نام کافر اور دجّال رکھا گیا۔ اور پہلی کتابوں میں پیشگوئی پائی جاتی تھی کہ مسیح موعود کے ظہور کے وقت سخت طاعون پڑے گی۔ اور فرمایا کہ اس کا یقینی علاج تو یہی ہے کہ اس مسیح کو سچے دل اور اخلاص سے قبول کیا جائے اور اپنی زندگیوں میں ایک روحانی تبدیلی پیدا کی جائے نیز وحی الہی کی بناء پر آپ نے یہ اعلان فرمایا کہ خدا تعالیٰ قادیان کو اس کی خوفناک تباہی سے محفوظ رکھے گا۔ اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ میرا یہی نشان ہے کہ ہر ایک مخالف اگر وہ قسم کھا کر کہے گا کہ اس کا فلاں مقام طاعون سے پاک رہے گا تو ضرور وہ مقام طاعون میں گرفتار ہو جائے گا کیونکہ اس نے خدا تعالی کے مقابل پر گستاخی کی۔ لیکن کسی مخالف کو ایسا اعلان کرنے کی جرات نہ ہوئی۔ اور طاعون کی وباء پہلی کتب کی پیشگوئیوں کے مطابق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا ایک زبردست نشان ثابت ہوئی۔