روحانی خزائن جلد 6
حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑماہ مئی ۱۸۹۳ء میں آپؑ نے رسالہ سچائی کا اظہار شائع کیا۔ اس رسالہ میں حضورؑ نے پادری ڈیپیوٹی عبداللہ آتھم رئیس امرتسر کا بشرط مغلوبیت اسلام لانے کا اقرار نامہ درج فرمایا۔ اور ڈاکٹر کلارک کے اشتہار مرقومہ ۱۲؍ مئی ۱۸۹۳ء کا جو بطور ضمیمہ ‘نور افشاں’ لدھیانہ شائع ہوا تھا ذکر فرمایا۔ اس اشتہار میں ڈاکٹر کلارک نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ مباحثہ سے بچنے کے لیے مسلمانان جنڈیالہ کو اس طرف توجہ دلائی کہ آپ نے جسے اپنا پیشوا مقرر کیا ہے اس کو تو علمائے اسلام کافر اور خارج از اسلام قرار دیتے ہیں اور اس کے جنازہ کو بھی جائز نہیں سمجھتے اور اشاعۃ السنہ کا حوالہ دیا۔ مگر مسلمانان جنڈیالہ کی طرف سے میاں محمد بخش صاحب نے انہیں لکھا کہ ہم ایسے مولویوں کو خود مفسد سمجھتے ہیں جو ایک مسلمان مؤید اسلام کو کافر ٹھہراتے ہیں۔ مزید برآں حضورؑ نے اس امر کے ثبوت کے لیے علمائے حرمین میں سے تین فاضل بزرگوں کے خطوط بھی شائع کیے جنہوں نے آپؑ کے دعویٰ کی تصدیق کی تھی اور اس رسالہ میں وہ اشتہار بھی درج فرمایا جس میں آپؑ نے عبدالحق غزنوی کو جس نے خود مباہلہ کے لیے درخواست کی تھی اور دوسرے علماء کو بھی اس کے ساتھ مباہلہ میں شریک ہونے کی دعوت دی۔