روحانی خزائن جلد 14
حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑیہ رسالہ ۲۷؍دسمبر ۱۸۹۸ء کو شائع ہوا۔ چونکہ مولوی محمد حسین بٹالوی آپ کے اور آپ کے سلسلہ کے خلاف غلط واقعات گورنمنٹ کو پہنچا رہے تھے اس لیے حضرت اقدس علیہ السلام نے یہ رسالہ بایں غرض لکھا کہ تا گورنمنٹ آپ کے اور آپ کی جماعت کے صحیح خیالات اور آپ کے مشن کے اصولوں سے واقف ہو جائے اور عام خیال کے مسلمان اور ان کے مولوی جو فرقہ احمدیہ سے دلی عناد اور حسد رکھتے ہیں اگر حسد کی وجہ سے خلاف واقعہ امور گورنمنٹ تک پہنچائیں تو گورنمنٹ کے اعلٰی افسر اس حقیقت کی بنا پر صحیح رائے قائم کر سکیں۔ اس لیے آپ نے اس رسالہ میں مختصر طور پر پہلے اپنے خاندانی حالات کا تذکرہ کیا ہے اور پھر اپنے مشن کے اصولوں اور ہدایات اور تعلیم کا ملخص بیان فرمایا ہے۔ اور ان غلط فہمیوں کا ازالہ کیا ہے جو آپ کے اور آپ کے سلسلہ سے متعلق معاندین سلسلہ پھیلا رہے تھے۔ خصوصاً مولوی محمد حسین بٹالوی کے اس الزام کا کہ آپ گورنمنٹ انگریزی کے بدخواہ ہیں اور در پردہ باغیانہ ارادے رکھتے ہیں تفصیل سے جواب دیا ہے۔
نیز محمد حسین بٹالوی سے اس مباہلہ سے متعلق سیر کن بحث کی ہے جو مولوی محمد حسین بٹالوی کے دو شاگردوں مولوی ابوالحسن تبّتی اور مولوی محمد بخش جعفر زٹلی کے اشتہارات مورخہ ۲۱؍اکتوبر ۱۸۹۸ء اور ۱۰؍نومبر ۱۸۹۸ء کو پڑھ کر ۲۱؍نومبر ۱۸۹۸ء کے اشتہار میں شائع کیا تھا اور اس کی تشریح ۳۰؍نومبر ۱۸۹۸ء کے اشتہار میں کی تھی اور ضمیمہ رسالہ کشف الغطاء میں مولوی محمد حسین بٹالوی کہ اس انگریزی رسالہ کے متعلق ذکر فرمایا ہے جس میں اس نے عام مولویوں کے عقیدہ کے برخلاف گورنمنٹ کو یہ یقین دلانے کی کوشش کی تھی کہ وہ ایسے مہدی کے قائل نہیں جو مسیح کے آسمان سے اترنے کے وقت کافروں سے برسر پیکار ہوگا اور کافروں کو قتل کرے گا۔ حضرت اقدسؑ نے اس کے اس عقیدہ کو بوجوہ قاطعہ منافقان ثابت کیا۔ اور اس کے اس الزام کا بھی جواب دیا کہ گویا آپ نے اس مضمون کا کوئی الہام شائع کیا ہے کہ گورنمنٹ عالیہ کی سلطنت آٹھ سال کے عرصہ میں تباہ ہو جائے گی۔ اور گورنمنٹ سے التماس کی ہے کہ وہ اس خلاف واقعہ مخبری کا اس شخص سے مطالبہ کرے۔